حسن بن علی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے مجھے کچھ کلمات سکھائے جن کو میں قنوت وتر میں پڑھتا ہوں ’’ اے اللہ ! مجھے ہدایت دے کر ان لوگوں کے زمرہ میں شامل فرما جنہیں تو نے ہدایت سے نوازا ، اور مجھے بھی (ان لوگوں میں) عافیت عطا فرما جن کو تو نے عافیت عطا کی جن لوگوں کو تو نے اپنا دوست بنایا ہے ان میں مجھے بھی شامل کر کے اپنا دوست بنا لے ، جو کچھ تو نے مجھے عطا فرمایا ہے اس میں میرے لیے برکت ڈال دے ، جس شر کا تو نے فیصلہ فرمایا ہے اس سے مجھے بچا لے ، بے شک تو ہی ہمارا فیصلہ صادر فرماتا ہے تیرے خلاف فیصلہ صادر نہیں کیا جا سکتا ، اور جس کا تو والی و سر پرست بنا وہ کبھی رسوا نہیں ہو سکتا ، ہمارے رب ! تو بڑا ہی برکت والا اور بلند و بالا ہے ۔‘‘ صحیح ، رواہ الترمذی و ابوداؤد و النسائی و ابن ماجہ و الدارمی ۔
ابی بن کعب ؓ بیان کرتے ہیں ، جب رسول اللہ ﷺ وتر پڑھ کر سلام پھیرتے تو آپ ﷺ فرماتے : ((سبحان الملک القدوس)) ’’ پاک ہے بادشاہ نہایت پاک ۔‘‘ ابوداؤد ، نسائی ، اور انہوں نے یہ اضافہ کیا ہے : تین مرتبہ لمبی آواز سے فرماتے ۔ صحیح ، رواہ ابوداؤد و النسائی ۔
اور عبدالرحمن بن ابزیٰ عن ابیہ کی سند سے نسائی کی روایت میں ہے : جب آپ ﷺ سلام پھیرتے تو تین مرتبہ ((سبحان الملک القدوس)) فرماتے اور تیسری مرتبہ اپنی آواز بلند فرماتے ۔ صحیح ، رواہ النسائی ۔
علی ؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ وتر کے آخر پر یہ دعا کیا کرتے تھے :’’ اے اللہ ! میں تیری رضا کے ذریعے تیری ناراضی سے ، تیرے درگزر کے ذریعے تیری سزا سے پناہ چاہتا ہوں ، میں تجھ سے تیری پناہ چاہتا ہوں ، جیسے تو نے اپنی ذات کی ثنا فرمائی ہے ویسے میں کوشش کے باوجود تیری ثنا بیان نہیں کر سکتا ۔‘‘ صحیح ، رواہ ابوداؤد و الترمذی و النسائی و ابن ماجہ ۔
ابن عباس ؓ سے پوچھا گیا کیا امیر المومنین معاویہ ؓ کے بارے میں آپ کے پاس کوئی جواب یا فتویٰ ہے کہ وہ صرف ایک وتر پڑھتے ہیں ؟ انہوں نے فرمایا : وہ درست ہیں کیونکہ وہ ایک فقیہ شخص ہیں ۔ اور ایک دوسری روایت میں ہے : ابن ملیکہ ؒ نے فرمایا : معاویہ نے نماز عشاء کے بعد ایک رکعت وتر پڑھی ، اور ابن عباس ؓ کے آزاد کردہ غلام آپ کے پاس تھے ، انہوں نے ابن عباس ؓ کے پاس آ کر انہیں بتایا تو انہوں نے فرمایا : انہیں چھوڑ دو کیونکہ انہیں نبی ﷺ کی صحبت اختیار کرنے کا شرف حاصل ہے ۔ رواہ البخاری ۔
بریدہ ؓ بیان کرتے ہیں ، میں نے رسول اللہ ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا :’’ وتر حق (واجب) ہے ، جو شخص وتر نہ پڑھے وہ ہم میں سے نہیں ، وتر حق ہے ، پس جو شخص وتر نہ پڑھے وہ ہم میں سے نہیں ، وتر حق ہے پس جو شخص وتر نہ پڑھے وہ ہم میں سے نہیں ۔‘‘ ضعیف ۔
ابوسعید ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا :’’ جو شخص نیند یا بھول کی وجہ سے وتر نہ پڑھے تو جب اسے یاد آئے یا جب وہ بیدار ہو تو وتر پڑھ لے ۔‘‘ صحیح ، رواہ الترمذی و ابوداؤد و ابن ماجہ ۔
مالک ؒ کو روایت پہنچی کہ کسی شخص نے عبداللہ بن عمر ؓ سے وتر کے بارے میں دریافت کیا ، کیا وہ واجب ہے ؟ تو عبداللہ ؓ نے فرمایا : رسول اللہ ﷺ نے وتر پڑھے اور مسلمانوں نے بھی وتر پڑھے ، وہ آدمی بار بار مجھ سے پوچھتا رہا اور عبداللہ ؓ یہی جواب دیتے رہے : رسول اللہ ﷺ نے وتر پڑھے اور مسلمانوں نے بھی وتر پڑھے ۔ ضعیف ۔
علی ؓ بیان کرتے ہیں ، رسول اللہ ﷺ تین وتر پڑھا کرتے تھے ، اور ان میں ہر رکعت میں تین سورتوں کے حساب سے مفصل سورتوں میں سے نو سورتیں پڑھا کرتے تھے اور سب سے آخر پر سورۂ اخلاص پڑھا کرتے تھے ۔ ضعیف ۔
نافع ؒ بیان کرتے ہیں ، میں ابن عمر ؓ کے ساتھ مکہ میں تھا ، آسمان ابر آلود تھا ، انہوں نے صبح کے اندیشے کے پیش نظر ایک رکعت وتر پڑھا ، پھر جب موسم صاف ہو گیا تو انہوں نے دیکھا کہ ابھی تو رات باقی ہے ، تو انہوں نے ایک رکعت پڑھ کر نماز کو جفت بنا لیا ، پھر انہوں نے دو رکعتیں (تہجد) پڑھیں ، پھر جب صبح ہونے کا اندیشہ ہوا تو انہوں نے ایک رکعت وتر پڑھا ۔ صحیح ، رواہ مالک ۔
عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ بیٹھ کر نماز پڑھتے ہوئے قراءت کرتے تھے ، پھر جب تیس یا چالیس آیات کے برابر تلاوت باقی رہ جاتی تو آپ کھڑے ہو جاتے اور کھڑے ہو کر قراءت کرتے ، پھر رکوع کرتے ، پھر سجدہ کرتے اور پھر دوسری رکعت میں بھی اسی طرح کرتے تھے ۔ رواہ مسلم ۔
ام سلمہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ وتر کے بعد دو رکعتیں پڑھا کرتے تھے ۔ ترمذی ، اور ابن ماجہ نے یہ اضافہ نقل کیا ہے : آپ ﷺ بیٹھ کر ہی دو خفیف رکعتیں پڑھا کرتے تھے ۔ صحیح ، رواہ الترمذی و ابن ماجہ ۔
عائشہ ؓ بیان کرتی ہیں ، رسول اللہ ﷺ ایک وتر پڑھا کرتے تھے پھر آپ بیٹھ کر دو رکعتیں پڑھتے ، اور جب آپ رکوع کرنا چاہتے تو پھر کھڑے ہو کر رکوع کرتے تھے ۔ صحیح ، رواہ ابن ماجہ ۔
ثوبان ؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے ہیں ۔ آپ ﷺ نے فرمایا :’’ یہ بیداری ایک مشکل اور گراں کام ہے ، جب تم میں سے کوئی شخص وتر پڑھ لے تو وہ دو رکعت ادا کرے ، اگر وہ رات کے وقت بیدار ہو جائے (تو پھر وہ نماز تہجد پڑھے) ورنہ وہ دو رکعتیں اس کے لیے کافی ہوں گی ۔‘‘ اسنادہ حسن ، رواہ الدارمی ۔
ابوامامہ ؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ یہ دو رکعتیں وتروں کے بعد بیٹھ کر ادا کرتے تھے ، اور آپ ان میں سورۃ الزلزال اور سورۃ الکافرون پڑھا کرتے تھے ۔ اسنادہ حسن ، رواہ احمد ۔