122 That is, this very Admonition and Divine Message and teachings are contained in the former Scriptures also. The same message of submission to One God, the same belief in the Hereafter and the same invitation to follow the Prophets has been given in all those Books. AII the Books sent down by God condemn shirk and the materialistic philosophy of life and invite people to accept the true and sound philosophy of life, which is based on the concept of man's accountability before God, and demands that man should give up his independence in deference to Divine Commands brought and preached by the Prophets. None of these things is new, which the Qur'an may be presenting for the first time, and none can blame the Holy Prophet of saying something which had never been said before by the former Prophets.
Among other arguments this verse also is quoted in support of Imam Abu Hanifah's early opinion that if a person recites the translation of the Qur'an in the prayer, his prayer will be in order and valid, whether he is able to recite the Qur'an in Arabic or not. According to `Allama Abu Bakr al-Jassas, the basis of this argument is: "Allah says that the Qur'an was contained in the former Scriptures also; obviously this could not be in Arabic words, As such, if translated and presented in another language, it will still be the Qur'an." (Ahkam-ul-Qur'an, Vol. III, p. 429). But the weakness of this argument is obvious. The Qur'an, or any other Divine Book, was never revealed in a manner that Allah inspired the Prophet with its meaning and then he presented it before the people in his own words. The fact is that every Book, in whatever language it came, was revealed in Divine words and meanings together. As such, the teachings of the Qur'an were contained in the former Scriptures in Divine words and not in human, and none of their translations could be considered as the Divine Book or its representation. As regards the Qur'an, it has been stated over and over again that it was literally revealed in the Arabic language: "We have sent it down as Qur'an in Arabic". (Yusuf: 2). "We have sent this Command in Arabic to you." (Ar-Ra'd: 37). "An Arabic Qur'an without any crookedness." (Az-Zumar: 28). Then just before this verse, it has been said that the trustworthy Spirit has brought it down in Arabic. Now how can it be said that the translation of the Qur'an made into another language will also be the Qur'an and its words will represent the words of Allah? It appears that later the Imam himself felt this weakness in the argument and, according to authentic traditions, gave up his earlier opinion, and adopted the opinion of Imams Abu Yusuf and Muhammad, who held that a person who could not recite Arabic words, could recite the translation of the Qur'an in his prayer till he was able to pronounce Arabic words. However, the prayer of a person, who was able to recite the Qur'an in Arabic, would not be valid if he recited its translation. The fact is that the two Imams had proposed, this concession only for those non-Arab converts who were not able to offer their prayer in Arabic immediately after embracing Islam. In this the basis of their argument was not that the translation of the Qur'an was the Qur'an itself, but that just as a person unable to perform Ruku' and Sajdah was allowed to offer his prayer by making signs, so a person unable to pronounce Arabic words could recite the translation. Then just as the prayer of a person who offered it by making signs could not be valid as soon as the cause of inability was removed, so the prayer of a person who recited the translation would not be valid as soon as he became able to pronounce Arabic words. (For a detailed discussion, see Al-Mabsut by Sarkhasi,Vol. I, p. 37; Fath ul-Qadir and Sharh Inaya 'alal-Hedaya, Vol. I. pp. 190-201).
سورة الشُّعَرَآء حاشیہ نمبر :122
یعنی یہ ذکر اور یہی تنزیل اور یہی الہٰی تعلیم سابق کتب آسمانی میں بھی موجود ہے ۔ یہی خدائے واحد کی بندگی کا بلاوا ، یہی آخرت کی زندگی کا عقیدہ ، یہی انبیاء کی پیروی کا طریقہ ان سب میں بھی پیش کیا گیا ہے ، سب کتابیں جو خدا کی طرف سے آئی ہیں شرک کی مذمت ہی کرتی ہیں ، مادہ پرستانہ نظریہ حیات کو چھوڑ کر اسی بر حق نظریہ حیات کی طرف دعوت دیتی ہیں جس کی بنیاد خدا کے حضور انسان کی جواب دہی کے تصور پر ہے ، اور انسان سے یہی مطالبہ کرتی ہیں کہ وہ اپنی خود مختاری سے دست بردار ہو کر ان الہٰی احکام کی پیروی اختیار کرے جو انبیاء علیہم السلام لائے ہیں ۔ ان باتوں میں سے کوئی بات بھی نرالی نہیں جو دنیا میں پہلی مرتبہ قرآن ہی پیش کر رہا ہو اور کوئی شخص یہ کہہ سکے تم وہ بات کر رہے ہو جو اگلوں پچھلوں میں سے کسی نے کبھی نہیں کی ۔
یہ آیت منجملہ ان دلائل کے ہے جو امام ابو حنیفہ رضی اللہ عنہ کی اس قدیم رائے کے حق میں پیش کیے جاتے ہیں کہ اگر کوئی شخص نماز میں قرآن کا ترجمہ پڑھ لے تو نماز ہو جاتی ہے ، خواہ وہ شخص عربی میں قرآن پڑھنے کی قدرت رکھتا ہو نہ رکھتا ہو ۔ بنائے استدلال علامہ ابو بکر جصاص کے الفاظ میں یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ یہاں ارشاد فرما رہا ہے کہ قرآن پچھلی کتابوں میں بھی تھا ، اور ظاہر ہے کہ ان کتابوں میں وہ عربی الفاظ کے ساتھ نہ تھا ۔ لہٰذا کسی دوسری زبان میں اس کے مضامین کو نقل کر دینا اسے قرآن ہونے سے خارج نہیں کر دیتا ( احکام القرآن ، جلد سوم ، صفحہ 429 ) ۔ لیکن اس استدلال کی کمزوری بالکل ظاہر ہے ۔ قرآن مجید ہو یا کوئی دوسری آسمانی کتاب ، کسی کے نزول کی کیفیت بھی یہ نہ تھی کہ اللہ تعالیٰ نے صرف معانی نبی کے دل پر القا کر دیے ہوں اور نبی نے پھر انہیں اپنے الفاظ میں بیان کیا ہو ۔ بلکہ ہر کتاب جس زبان میں بھی آئی ہے اللہ تعالیٰ کی طرف سے معنی اور لفظ دونوں کے ساتھ آئی ہے ۔ اس لیے قرآن کی تعلیم جن پچھلی کتابوں میں تھی ، انسانی الفاظ میں نہیں ، خدائی الفاظ ہی میں تھی ، اور ان میں سے کسی کے ترجمہ کو بھی کتاب اللہ نہیں کہا جا سکتا کہ وہ اصل کا قائم مقام ٹھہرایا جا سکے ۔ رہا قرآن تو اس کے متعلق بار بار بصراحت فرمایا گیا ہے کہ وہ لفظاً لفظاً عربی زبان میں نازل کیا گیا ہے : اِنَّآ اَنْزَلْنٰہُ قُرْاٰناً عَرَبِیًّا ، ( یوسف ۔ آیت 2 ) وَکَذٰلِکَ اَنْزَلْنٰہُ حُکْماً عَرَبِیًّا ، ( الرعد ۔ آیت 37 ) ۔ قُرْاٰناً عَرَبِیًّا غَیْرَ ذِیْ عِوَجٍ ، ( الزمر ۔ آیت 28 ) ۔ اور خود اسی آیت زیر بحث سے پہلے متصلاً فرمایا جا چکا ہے کہ روح الامین اسے زبان عربی میں لے کر اترا ہے ۔ اب اس کے متعلق یہ کیسے کہا جا سکتا ہے کہ اس کا کوئی ترجمہ جو کسی انسان نے دوسری زبان میں کیا ہو وہ بھی قرآن ہی ہو گا اور اس کے الفاظ اللہ تعالیٰ کے الفاظ کے قائم مقام ہوں گے ۔ معلوم ہوتا ہے کہ استدلال کی اس کمزوری کو بعد میں خود امام ممدوح نے ہی محسوس فرما لیا تھا ، چنانچہ معتبر روایات سے یہ بات نقل ہوئی ہے کہ انہوں نے اس مسئلے میں اپنی رائے سے رجوع کر کے امام ابو یوسف اور امام محمد کی رائے قبول کر لی تھی ، یعنی یہ کہ جو شخص عربی زبان میں قرأت پر قادر نہ ہو وہ اس وقت تک نماز میں قرآن کا ترجمہ پڑھ سکتا ہے جب تک اس کی زبان عربی الفاظ کے تلفظ کے قابل نہ ہوجائے ، لیکن جو شخص عربی میں قرآن پڑھ سکتا ہو وہ اگر قرآن کا ترجمہ پڑھے گا تو اس کی نماز نہ ہو گی ۔ حقیقت یہ ہے کہ صاحبین نے یہ رعایت دراصل ان عجمی نو مسلموں کے لیے تجویز کی تھی جو اسلام قبول کرتے ہی فوراً عربی زبان میں نماز ادا کرنے کے قابل نہ ہو سکتے تھے ۔ اور اس میں بنائے استدلال یہ نہ تھی کہ قرآن کا ترجمہ بھی قرآن ہے ، بلکہ ان کا استدلال یہ تھا کہ جس طرح اشارے سے رکوع و سجود کرنا اس شخص کے لیے جائز ہے جو رکوع اور سجدہ کرنے سے عاجز ہو ، اسی طرح غیر عربی میں نماز پڑھنا اس شخص کے لیے جائز ہے جو عربی تلفظ پر قادر نہ ہو ۔ اور علیٰ ہٰذا القیاس جس طرح عجز رفع ہو جانے کے بعد اشارے سے رکوع و سجود کرنے والے کی نماز نہ ہو گی اسی طرح قرآن کے تلفظ پر قادر ہو جانے کے بعد ترجمہ پڑھنے والے کی نماز بھی نہ ہو گی ۔ ( اس مسئلے پر مفصل بحث کے لیے ملاحظہ ہو مبسوط سَرَخْسی ، جلد اول ، صفحہ 37 ۔ فتح القدیر و شرح عنایہ علی الہدایہ جلد 1 ، صفحہ 190 ۔ 201 ) ۔