5 That is, the seeker after truth does not have to look far for a Sign. If only he sees with open eyes the phenomena of vegetation around him, he will be able to judge for himself whether the reality about the system of the world (i.e., Tauhid) which was being presented by the Prophets is true, or the speculations of the polytheists and atheists. From the variety and abundance of creation found on the earth, the various elements and factors supporting it, the laws of nature causing it to grow and flourish, and the accord and harmony existing between its characteristics and the countless needs and demands of innumerable creatures, only a fool will conclude that all this is happening automatically without the wisdom, knowledge, power and design of an All-Mighty, All-Powerful Creator. Obviously, many masters and gods could not have by any device arranged and produced the perfect harmony and accord between the soil, the sun and the moon, and the animal and plant life produced with their help and the needs of a great variety of creatures living on the earth. A sensible person, unless he is prejudiced and biased, cannot help feeling convinced that these are the clear signs and proofs of the existence of One God, and there is no further need of a miracle to convince him of the reality of Tauhid.
سورة الشُّعَرَآء حاشیہ نمبر :5
یعنی جستجوئے حق کے لیے کسی کو نشانی کی ضرورت ہو تو کہیں دور جانے کی ضرورت نہیں ، آنکھیں کھول کر ذرا اس زمین ہی کی روئیدگی کو دیکھ لے ، اسے معلوم ہو جائے گا کہ نظام کائنات کی جو حقیقت ( توحید الہٰ ) انبیاء علیہم السلام پیش کرتے ہیں وہ صحیح ہے ، یا وہ نظریات صحیح ہیں جو مشرکین یا منکرین خدا بیان کرتے ہیں ۔ زمین سے اگنے والی بے شمار انواع و اقسام کی چیزیں جس کثرت سے اگ رہی ہیں ، جن مادوں اور قوتوں کی بدولت اگ رہی ہیں ، جن قوانین کے تحت اگ رہی ہیں ، پھر ان کی خواص اور صفات میں اور بے شمار مخلوقات کی ان گنت ضرورتوں میں جو صریح مناسبت پائی جاتی ہے ، ان ساری چیزوں کو دیکھ کر صرف ایک احمق ہی اس نتیجے پر پہنچ سکتا ہے کہ یہ سب کچھ کسی حکیم کی حکمت ، کسی علیم کے علم ، کسی قادر و توانا کی قدرت اور کسی خالق کے منصوبہ تخلیق کے بغیر بس یونہی آپ سے آپ ہو رہا ہے ۔ یا اس سارے منصوبے کو بنانے اور چلانے والا کوئی ایک خدا نہیں ہے بلکہ بہت سے خداؤں کی تدبیر نے زمین اور آفتاب و ماہتاب اور ہوا اور پانی کے درمیان یہ ہم آہنگی ، اور ان وسائل سے پیدا ہونے والی نباتات اور بے حد و حساب مختلف النوع جانداروں کی حاجات کے درمیان یہ منا سبت پیدا کر رکھی ہے ۔ ایک ذی عقل انسان ہو ، اگر وہ کسی ہٹ دھرمی اور پیشگی تعصب میں مبتلا نہیں ہے ، اس منظر کو دیکھ کر بے اختیار پکار اٹھے گا کہ یقیناً یہ خدا کے ہونے اور ایک ہی خدا کے ہونے کی کھلی کھلی علامات ہیں ۔ ان نشانیوں کے ہوتے اور کس معجزے کی ضرورت ہے جسے دیکھے بغیر آدمی کو توحید کی صداقت کا یقین نہ آسکتا ہو؟