11 This theme has three objects in this context:
First, it is meant to instruct and console the Holy Prophet, as if to say: "Do not grieve so much at the ignorance and deviation of the disbelievers of Makkah and their stubbornness and obduracy. It is Allah's will that man should be granted the freedom of choice and action: then whoever desires to have guidance should be given guidance, and whoever wants to remain. astray should be allowed to go astray. Had this not been Allah's will, there was no need whatever of sending the Prophets and the Book; for this only a creative hint of Allah Almighty's was enough: all human beings would have become as obedient as the rivers, mountains, trees, stones, and alI other creatures. " (In this connection, please also see AI-An'am: 35-36, 107).
Secondly, its addressees arc all those people who were involved in the confusion, and even now are, that if Allah really had wanted to show guidance to human beings and He did not like the differences of creed and practice that were prevalent among the people, and wanted to have the people adopt the way of the Faith and Islam, there was no need of the Revelation and the Book and the Prophethood. He could have easily achieved this object by creating everyone a believer and Muslim by birth. Another result of this confusion was also this reasoning: "When Allah has not done so, the different ways that we are following, are approved by Him, and whatever we are doing, is according to His wilt. Therefore, nobody has any right to object to it. " (To remove this misunderstanding also this theme has been mentioned at several places in the Qur'an. Please see Al-An'am: 112, 137, 148-149; Yunus : 99; Hud: 118-119; An-Nahl: 9, 35 and the relevant E.N.'s).
Thirdly, its object is to make the believers realize the truth about the difficulties that one generally faces in the way of preaching religion and reforming the people. Those people who do not understand the reality of the God, given freedom of choice and will and of the resulting differences of temperament and methods, sometimes become despondent at the slow progress of the reformatory work and wish that some supernatural things should appear from Allah, which should change the hearts of the people, and are sometimes inclined to adopt unsound methods of bringing about reformation, owing to excessive enthusiasm. (For this object also this theme has occurred at some places in the Qur'an, for which see Ar-Ra'd: 31, An-Nahl: 91-93).
To highlight these objects a very important theme has been expressed in these brief sentences. Allah's real vicegerency in the world and His Paradise in the Hereafter is not an ordinary blessing, which may be distributed over creatures of the rank of the earth and stones and donkeys and horses as a common blessing. This is indeed a special blessing and a blessing of a very high order for which even the angels were not considered fit. That in why Allah created man as a creature endowed with power and authority and placed vast means of His earth under his control and blessed him with these special powers so that he may pass through the test, success in which alone can entitle a servant to His blessings. This blessing, is Allah's own; no one has a monopoly over it, nor can anyone claim to have it on the basis of a personal right, nor has anyone the power to take it by force. He who presents service before Allah, who takes Him as his Guardian and comes under His protection, alone can have it. Then Allah blesses him with help, guidance and grace to pass this test, so that he may enter His Mercy. As for the unjust Tnan who turns away from Allah Himself and instead takes others as his patrons, Allah-Has no need that he should become his guardian by force. And the others whom He takes as his guardians do not possess any knowledge and power and authority that they may enable him to achieve success by dint of their guardianship of him.
سورة الشُّوْرٰی حاشیہ نمبر :11
یہ مضمون اس سلسلہ کلام میں تین مقاصد کے لیے آیا ہے :
اولاً ، اس سے مقصود نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو تعلیم اور تسلی دینا ہے ۔ اس میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ بات سمجھائی گئی ہے کہ آپ کفار مکہ کی جہالت و ضلالت اور اوپر سے ان کی ضد اور ہٹ دھرمی کو دیکھ دیکھ کر اس قدر زیادہ نہ کڑھیں ، اللہ کی مرضی یہی ہے کہ انسانوں کو اختیار و انتخاب کی آزادی عطا کی جائے ، پھر جو ہدایت چاہے اسے ہدایت ملے اور جو گمراہ ہی ہونا پسند کرے اسے جانے دیا جائے جدھر وہ جانا چاہتا ہے ۔ اگر یہ اللہ کی مصلحت نہ ہوتی تو انبیاء اور کتابیں بھیجنے کی حاجت ہی کیا تھی ، اس کے لیے تو اللہ جل شانہ کا ایک تخلیقی اشارہ کافی تھا ، سارے انسان اسی طرح مطیع فرمان ہوتے جس طرح دریا ، پہاڑ ، درخت ، مٹی ، پتھر اور سب حیوانات ہیں ( اس مقصد کے لیے یہ مضمون دوسرے مقامات پر بھی قرآن مجید میں بیان ہوا ہے ۔ ملاحظہ ہو تفہیم القرآن ، جلد اول ، الانعام ، حواشی۲۳ تا ۲۵ ، ۷۱ ) ۔
ثانیاً ، اس کے مخاطب وہ تمام لوگ ہیں جو اس ذہنی الجھن میں گرفتار تھے اور اب بھی ہیں کہ اگر اللہ فی الواقع انسانوں کی رہنمائی کرنا چاہتا تھا ، اور اگر عقیدہ و عمل کے یہ اختلافات ، جو لوگوں میں پھیلے ہوئے ہیں ، اسے پسند نہ تھے ، اور اگر اسے پسند یہی تھا کہ لوگ ایمان و اسلام کی راہ اختیار کریں ، تو اس کے لیے آخر وحی اور کتاب اور نبوت کی کیا ضرورت تھی؟ یہ کام تو وہ بآسانی اس طرح کر سکتا تھا کہ سب کو مومن و مسلم پیدا کر دیتا ۔ اسی الجھن کا ایک شاخسانہ یہ استدلال بھی تھا کہ جب اللہ نے ایسا نہیں کیا ہے تو ضرور وہ مختلف طریقے جن پر ہم چل رہے ہیں ، اس کو پسند ہیں ، اور ہم جو کچھ کر رہے ہیں اسی کی مرضی سے کر رہے ہیں ، لہٰذا اس پر اعتراض کا کسی کو حق نہیں ہے ( اس غلط فہمی کو رفع کرنے کے لیے بھی یہ مضمون قرآن میں متعدد مقامات پر بیان کیا گیا ہے ۔ ملاحظہ ہو تفہیم القرآن ، جلد اول ، الانعام ، حواشی ۸۰ ۔ ۱۱۰ ۔ ۱۲٤ ۔ ۱۲۵ ۔ جلد دوم ، یونس ، حاشیہ ۱۰۱ ، ہود ، حاشیہ۱۱٦ ، النحل ، حواشی ۱۰ ۔ ۳۱ ۔ ۳۲ )
ثالثاً ، اس کا مقصد اہل ایمان کو ان مشکلات کی حقیقت سمجھانا ہے جو تبلیغ دین اور اصلاح خلق کی راہ میں اکثر پیش آتی ہیں جو لوگ اللہ کی دی ہوئی آزادی انتخاب و ارادہ ، اور اس کی بنا پر طبائع اور طریقوں کے اختلاف کی حقیقت کو نہیں سمجھتے ، وہ کبھی تو کار اصلاح کی سست رفتاری دیکھ کر مایوس ہونے لگتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے کچھ کرامتیں اور معجزات رو نما ہوں تاکہ انہیں دیکھتے ہی لوگوں کے دل بدل جائیں ، اور کبھی وہ ضرورت سے زیادہ جوش سے کام لے کر اصلاح کے بے جا طریقے اختیار کرنے کی طرف مائل ہو جاتے ہیں ( اس مقصد کے لیے بھی یہ مضمون بعض مقامات پر قرآن مجید میں ارشاد ہوا ہے ۔ ملاحظہ ہو تفہیم القرآن ، جلد دوم ، الرعد ، حواشی ٤۷ تا ٤۹ ، النحل ، حواشی ۸۹ تا ۹۷ ) ۔
ان مقاصد کے لیے ایک بڑا اہم مضمون ان مختصر سے فقروں میں بیان فرمایا گیا ہے ۔ دنیا میں اللہ کی حقیقی خلافت اور آخرت میں اسکی جنت کوئی معمولی رحمت نہیں ہے جو مٹی اور پتھر اور گدھوں اور گھوڑوں کے مرتبے کی مخلوق پر ایک رحمت عام کی طرح بانٹ دی جائے ۔ یہ تو ایک خاص رحمت اور بہت اونچے درجے کی رحمت ہے جس کے لیے فرشتوں تک کو موزوں نہ سمجھا گیا ۔ اسی لیے انسان کو ایک ذی اختیار مخلوق کی حیثیت سے پیدا کر کے اللہ نے اپنی زمین کے یہ وسیع ذرائع اس کے تصرف میں دیے اور یہ ہنگامہ خیز طاقتیں اس کو بخشیں تاکہ یہ اس امتحان سے گزر سکے جس میں کامیاب ہو کر ہی کوئی بندہ اس کی یہ رحمت خاص پانے کے قابل ہو سکتا ہے ۔ یہ رحمت کی اپنی چیز ہے ۔ اس پر کسی کا اجارہ نہیں ہے ۔ نہ کوئی اسے اپنے ذاتی استحقاق کی بنا پر دعوے سے لے سکتا ہے ، نہ کسی میں یہ طاقت ہے کہ اسے بزور حاصل کر سکے ۔ اسے وہی لے سکتا ہے جو اللہ کے حضور بندگی پیش کرے ، اس کو اپنا ولی بنائے اور اس کا دامن تھامے ۔ تب اللہ اس کی مدد اور رہنمائی کرتا ہے ، اور اسے اس امتحان سے بخیریت گزرنے کی توفیق عطا فرماتا ہے تاکہ وہ اس کی رحمت میں داخل ہو سکے ۔ لیکن جو ظالم اللہ ہی سے منہ موڑ لے اور اس کے بجائے دوسروں کو اپنا ولی بنا بیٹھے ، اللہ کو کچھ ضرورت نہیں پڑی ہے کہ خواہ مخواہ زبردستی اس کا ولی بنے ، اور دوسرے جن کو وہ ولی بناتا ہے ، سرے سے کوئی علم ، کوئی طاقت اور کسی قسم کے اختیارات ہی نہیں رکھتے کہ اس کی ولایت کا حق ادا کر کے اسے کامیاب کرا دیں ۔