28 That is, "All Divine powers belong to Allah alone. No one else has any power to make or mar your destiny. He alone cat bring about a good time and He alone can avert a bad time. Therefore, whoever believes sincerely that AIlah is One, has absolutely no other choice than to place his full trust in Him and to continue doing his duty as a believer with the conviction that goodness and well- being only lie in the way that Allah has shown him. If he attains to success in this way, it will only he by Allah's help and leave; there is no other helper. And if he encounters difficulties, hardships, dangers and disasters in this way, Allah alone will rescue him, for there is no other rescuer beside Him."
سورة التَّغَابُن حاشیہ نمبر :28
یعنی خدائی کے سارے اختیارات تنہا اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہیں ۔ کوئی دوسرا سرے سے یہ اختیار رکھتا ہی نہیں ہے کہ تمہاری اچھی یا بری تقدیر بنا سکے ۔ اچھا وقت آ سکتا ہے تو اسی کے لائے آ سکتا ہے ، اور برا وقت ٹل سکتا ہے تو اسی کے ٹالے ٹل سکتا ہے ۔ لہٰذا جو شخص سچے دل سے اللہ کو خدائے واحد مانتا ہو اس کے لیے اس کے سوا سرے سے کوئی راستہ ہی نہیں ہے کہ وہ اللہ پر بھروسہ رکھے اور دنیا میں ایک مومن کی حیثیت سے اپنا فرض اس یقین کے ساتھ انجام دیتا ہے چلا جائے کہ خیر بہر حال اسی راہ میں ہے جس کی طرف اللہ نے رہنمائی فرمائی ہے ۔ اس راہ میں کامیابی نصیب ہو گی تو اللہ ہی کی مدد اور تائید و توفیق سے ہو گی ، کوئی دوسری طاقت مدد کرنے والی نہیں ہے ۔ اور اس راہ میں اگر مشکلات و مصائب اور خطرات و مہالک سے سابقہ پیش آئے گا تو ان سے بھی وہی بچائے گا ، کوئی دوسرا بچانے والا نہیں ہے ۔