24 To understated and appreciate this conversation fully, one should bear in mind the fact that as it is today, in the ancient times too, the concept of "deity" was confined to its religious sense only. The deity was meant to be worshipped and presented offerings and gifts, and because of its "supernatural powers" and author ity the people were to pray to it for help and fulfilment of their desires. But a deity's being supreme legally and politically also and his right to enjoin anything he pleased in the mundane affairs and man's duty to submit to his commands as to superior law, has never been recognized by the socalled worldly rulers. They have always claimed that in the mundane affairs, they alone possess absolute authority and no deity has any right to interfere in the polity and law prescribed by them. This very thing has been the real cause of the conflict between the Prophets and their righteous followers, on the one hand, and the worldly kingdoms and governments on the other. The Prophets have been trying their utmost to make the worldly rulers acknowledge the sovereign and absolute rights of the Lord of the Worlds, but they in return have not only been claiming sovereign powers and rights for themselves, but have been considering every such person as a criminal and rebel, who has held someone else as a deity in the political and legal sphere. With this background one can easily understand the real significance of Pharaoh's words. Had it been a question of mere worship and offerings, he would have least bothered that Moses, forsaking all gods, regarded only Allah, the Lord of all Creation, as worthy of those rights. if Moses had invited him to serve Allah alone, he would not have felt provoked and offended. At the most he would have refused to give up the creed of his forefathers, or would have challenged Moses to have a debate with his own religious scholars. But what caused him provocation was that Prophet Moses was presenting himself as the representative of the Lord of all Creation and was conveying to him a political command as if he was a subordinate ruler and the representative of the superior authority was demanding obedience from him to the command. In this sense, he was not prepared to acknowledge any other political or legal authority, nor allow any of his subjects to acknowledge anybody instead of himself as the supreme ruler. That is why he challenged the teen "Lord, of all Creation", for the message sent by Him clearly reflected sovereignty in the political and trot in the mere religious sense. Then, when Prophet Moses explained over and over again what he meant by the "Lord of all Creation", Pharaoh threatened that if he held any one other than him as sovereign in the land of Egypt, he would be cast into prison.
سورة الشُّعَرَآء حاشیہ نمبر :24
اس گفتگو کو سمجھنے کے لیے یہ بات پیش نظر رہنی چاہیے کہ آج کی طرح قدیم زمانے میں بھی معبود کا تصور صرف مذہبی معنوں تک محدود تھا ۔ یعنی یہ کہ اسے بس پوجا پاٹ اور نذر و نیاز کا استحقاق پہنچتا ہے ، اور اپنے فوق الفطری غلبہ و اقتدار کی وجہ سے اس کا یہ منصب بھی ہے کہ انسان اپنے معاملات میں اس سے استمداد و استعانت کے لیے دعائیں مانگیں ۔ لیکن کسی معبود کی یہ حیثیت کہ وہ قانونی اور سیاسی معنوں میں بھی بالا دست ہے ، اور اسے یہ حق بھی پہنچتا ہے کہ معاملات دنیا میں وہ جو حکم چاہے دے ، اور انسانوں کا یہ فرض ہے کہ اس کے امر و نہی کو قانون برتر مان کر اس کے آگے جھک جائیں ، یہ چیز زمین کے مجازی فرمانرواؤں نے نہ پہلے کبھی مان کر دی تھی ، نہ آج وہ اسے ماننے کے لیے تیار ہیں ۔ وہ ہمیشہ سے یہی کہتے چلے آئے ہیں کہ دنیا کے معاملات میں ہم مختار مطلق ہیں ، کسی معبود کو ہماری سیاست اور ہمارے قانون میں دخل دینے کا حق نہیں ہے ۔ دنیوی حکومتوں اور بادشاہوں سے انبیاء علیہم السلام اور ان کی پیروی کرنے والے مصلحین کے تصادم کی اصل وجہ یہی رہی ہے ۔ انہوں نے ان سے خداوند عالم کی حاکمیت و بالا دستی تسلیم کرانے کی کوشش کی ہے ، اور یہ اس کے جواب میں نہ صرف یہ کہ اپنی حاکمیت مطلقہ کا دعویٰ پیش کرتی رہی ہیں بلکہ انہوں نے ہر اس شخص کو مجرم اور باغی ٹھہرایا ہے جو ان کے سوا کسی اور کو قانون و سیاست کے میدان میں معبود مانے ۔ اس تشریح سے فرعون کی اس گفتگو کا صحیح مفہوم اچھی طرح سمجھ میں آسکتا ہے ۔ اگر معاملہ پوجا پاٹ اور نذر و نیاز کا ہوتا تو اس کو اس سے کوئی بحث نہ تھی کہ حضرت موسیٰ دوسرے دیوتاؤں کو چھوڑ کر صرف ایک اللہ رب العالمین کو اس کا مستحق سمجھتے ہیں ۔ اگر صرف اسی معنی میں توحید فی العبادت کی دعوت موسیٰ علیہ السلام نے اس کو دی ہوتی تو اسے غضب ناک ہونے کی کوئی ضرورت نہ تھی ۔ زیادہ سے زیادہ اگر وہ کچھ کرتا تو بس یہ کہ اپنا دین آبائی چھوڑنے سے انکار کر دیتا ، یا حضرت موسیٰ سے کہتا کہ میرے مذہب کے پنڈتوں سے مناظرہ کر لو ۔ لیکن جس چیز نے اسے غضبناک کر دیا وہ یہ تھی کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے رب العالمین کے نمائندے کی حیثیت سے اپنے آپ کو پیش کر کے اسے اس طرح ایک سیاسی حکم پہنچایا کہ گویا وہ ایک ماتحت حاکم ہے اور ایک حاکم برتر کا پیغامبر آ کر اس سے اطاعت امر کا مطالبہ کر رہا ہے ۔ اس معنی میں وہ اپنے اوپر کسی کی سیاسی و قانونی برتری ماننے کے لیے تیار نہ تھا ، بلکہ وہ یہ بھی گوارا نہ کر سکتا تھا کہ اس کی رعایا میں سے کوئی فرد اس کے بجائے کسی اور کو حاکم برتر مانے ۔ اسی لیے اس نے پہلے رب العالمین کی اصطلاح کو چیلنج کیا ، کیونکہ اس کی طرف سے لائے ہوئے پیغام میں محض مذہبی معبودیت کا نہیں بلکہ کھلا کھلا سیاسی اقتدار اعلیٰ کا رنگ نظر آتا تھا ۔ پھر جب حضرت موسیٰ نے بار بار تشریح کر کے بتایا کہ جس رب العالمین کا پیغام وہ لائے ہیں وہ کون ہے ، تو اس نے صاف صاف دھمکی دی کہ ملک مصر میں تم نے میرے اقتدار اعلیٰ کے سوا کسی اور کے اقتدار کا نام بھی لیا تو جیل کی ہوا کھاؤ گے ۔