31 Both the Bible and the Qur'an agree that after leaving Egypt the Prophet Moses had gone to live in Madyan (Midian). But the Talmud tells the absurd story that Moses fled to Ethiopia and became a great favourite with the king there. After the king's death the people made Moses their king and leader and gave him the widow of the king for a wife, but during the 40 years of his reign there he never had intercourse with his negro wife. Then the queen of Ethiopia, who was a wife to Moses in name only, said to the people, "Why should this stranger continue to rule over you '? He has never worshipped the gods of Ethiopia." At this the people of Ethiopia deposed him and made him many rich presents and dismissed him with great honours. Then he came to Midian and met with the events being mentioned below. At this time he was 67 years old. A clear proof of this story's being absurd is that according to it Assyria (northern Iraq) in those days was under Ethiopia, and the Prophet Moses and the Ethiopian king, his predecessor, had led military campaigns to crush the Assyrian revolts. Now anybody who has a little acquaintance with the history and geography can have a look at the map and see things for himself. Assyria could be under Ethiopian domination and have been attacked by the Ethiopian army only in case Egypt and Palestine and Syria had been under its subjugation, or the whole of Arabia under its sway, or, at least the Ethiopian navy so powerful as to have conquered 'Iraq across the Indian ocean and the Persian Gulf. History, however, does not support the view that the Ethiopians ever held sway over these countries, or their naval force was ever so powerful. This indicates how imperfect was the Israelites' knowledge of their own history, and how the Qur'an corrects their errors and presents thetrue facts in their pure form. Nevertheless, the Christian and the Jewish orientalists are never ashamed of asserting that the Qur'an has plagiarized the Israelite traditions for its narratives.
32 The right path: "The path that may take me to Midian safely." It should be borne in mind that Midian in those days was outside Pharaoh's empire. Egypt did not have control over the whole of the Sinai Peninsula but only on its western and southern parts. The Midianites who inhabited the eastern and western coasts of the Gulf of 'Agabah were free from Egyptian influence and authority. That is why the Prophet Moses had headed for Midian after leaving Egypt, because that was the nearest free and inhabited land. But to reach Midian he had to pass through Egyptian territories; avoiding the Egyptian police and military posts on the way. That is why he prayed to God to put him on the right track which should take him to Midian safely.
سورة القصص حاشیہ نمبر : 31
بائیبل کا بیان اس امر میں قرآن سے متفق ہے کہ حضرت موسی نے مصر سے نکل کر مدین کا رخ کیا تھا ۔ لیکن تلمود یہ بے سرو پا قصہ بیان کرتی ہے کہ حضرت موسی سے بھاگ کر حبش چلے گئے اور وہاں بادشاہ کے مقرب ہوگئے ۔ پھر اس کے مرنے پر لوگوں نے ان کو اپنا بادشاہ بنا لیا اور اس کی بیوہ سے ان کی شادی کردی ۔ 40 سال انہوں نے وہاں حکومت کی ، مگر اس پوری مدت میں اپنی حبشی بیوی سے کبھی مقاربت نہ کی ۔ 40 سال گزر جانے کے بعد اس عورت نے حبش کے باشندوں سے شکایت کی کہ اس شخص نے آج تک نہ تو مجھ سے زن و شو کا تعلق رکھا ہے اور نہ کبھی حبش کے دیوتاؤں کی پرستش کی ہے ، اس پر امرائے سلطنت نے انہیں معزول کر کے اور بہت سا مال دے کر ملک سے باحترام رخصت کردیا ، تب وہ حبش سے مدین پہنچے اور وہ واقعات پیش آئے جو آگے بیان ہورہے ہیں ، اس وقت ان کی 67 سال تھی ۔
اس قصے کے بے سروپا ہونے کی ایک کھلی دلیل یہ ہے کہ اسی قصے میں یہ بھی بیان ہوا ہے کہ اس زمانے میں اسیریا ( شمالی عراق ) پر حبش کی حکومت تھی ، اور اسیر یا والوں کی بغاوتیں کچلنے کے لیے حضرت موسی نے بھی اور ان کے پیش رو بادشاہ نے بھی فوجی چڑھائیاں کی تھیں ۔ اب جو شخص بھی تاریخ و جغرافیہ سے کوئی واقفیت رکھتا ہو وہ نقشے پر ایک نگاہ ڈال کر دیکھ سکتا ہے کہ اسیریا پر حبشہ کا تسلط اور حبشی فوج کا حملہ یا تو اس صورت میں ہوسکتا تھا کہ مصر اور فلسطین و شام پر اس کا قبضہ ہوتا ، یا پورا ملک عرب اس کے زیر نگیں ہوتا ، یا پھر حبش کا بیڑا ایسا زبردست ہوتا کہ وہ بحر ہند اور خلیج فارس کو عبور کر کے عراق فرح کرلیتا ۔ تاریخ اس ذکر سے خالی ہے کہ کبھی حبشیوں کو ان ممالک پر تسلط حاصل ہوا ہو یا ان کی بحری طاقت اتنی زبردست رہی ہو ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بنی اسرائیل کا علم خود اپنی تاریخ کے بارے میں کتنا ناقص تھا اور قرآن ان کی غلطیوں کی تصحیح کر کے صحیح واقعات کیسی منقح صورت میں پیش کرتا ہے ۔ لیکن عیسائی اور یہودی مستشرقین کو یہ کہتے ذرا شرم نہیں آتی کہ قرآن نے یہ قصے بنی اسرائیل سے نقل کر لیے ہیں ۔
سورة القصص حاشیہ نمبر : 32
یعنی ایسے راستہ پر جس سے میں بخیریت مدین پہنچ جاؤں ۔
واضح رہے کہ اس زمانہ میں مدین فرعون کی سلطنت سے باہر تھا ، مصر کی حکومت پورے جزیرہ نمائے سینا پر نہ تھی بلکہ صرف اس کے مغربی اور جنوبی علاقے تک محدود تھی ۔ خلیج عقبہ کے مشرقی اور مغربی سواحل جن پر بنی مدیان آباد تھے ، مصری اثر و اقتدار سے بالکل آزاد تھے ۔ اسی بنا پر حضرت موسی نے مصر سے نکلتے ہی مدین کا رخ کیا تھا کیونکہ قریب ترین آزاد اور آباد علاقہ وہی تھا ، لیکن وہاں جانے کے لیے انہیں گزرنا بہرحال مصر کے مقبوضہ علاقوں ہی سے تھا ، اور مصر کی پولیس اور فوجی چوکیوں سے بچ کر نکلنا تھا ، اسی لیے انہوں نے اللہ سے دعا کی کہ مجھے ایسے راستے پر ڈال دے جس سے میں صحیح و سلامت مدین پہنچ جاؤں ۔